بنگلورو،9؍مارچ(ایس او نیوز) بنگلوروشہر میں 8؍اپریل کو ایک عالمی محفل قرأت کے اہتمام کی تیاریاں کافی زوروں سے جا ری ہیں۔ آل انڈیا ریم دعوت قرآن کریم بی ٹی ایم لے آؤٹ، بنگلور کے سربراہ قاری محمد رضوان بیگ شمسی نے یہ بات بتائی۔ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ یہ عالمی محفل قرأت امیر شریعت کرناٹک مفتی اشرف علی باقوی صاحب کی صدارت میں منعقد ہے، جس میں بین الاقوامی شہرت وانعام یافتہ قرائے کرام تلاوت کلام پاک اپنے منفرد انداز میں پیش کریں گے۔ان میں مصرسے آنے والے قاری شیخ احمد احمد نعنیع قاہرہ ، شیخ محمد احمد باسیوانی قاہرہ ، شیخ علی الشمیسی قاہرہ، شیخ محمد محمد الرمریجی قاہرہ کے علاوہ ہندوستان بھر کے مختلف مقامات سے مشہور ومعروف قارئین کرام اپنے فن قرأت کا مظاہرہ کریں گے۔ انہو ں نے کہاکہ قرآن مجید کو اﷲ تعالیٰ نے انسانیت کیلئے دستور حیات بناکر مبعوث فرمایا ہے۔ اس مرکز رشد وہدایت کے آفاقی پیغام کو عام کرنے کے مقصد سے ادارہ کی طرف سے شہر میں یہ تیسرا بین الاقوامی مظاہرہ منعقد کیاجارہاہے۔اس سے پہلے 2010 اور 2014 میں اس طرح کے مظاہرے منعقد کئے جاچکے ہیں، انہوں نے کہاکہ جب بھی امت مسلمہ کا تعلق قرآن کریم سے مضبوط ومستحکم رہا ، انہیں عزت وسربلندی حاصل رہی، اور کامیابی امت مسلمہ کا مقدر بنی۔ تعلیمات قرآنی سے انحراف کے سبب دور حاضر میں مسلمانوں کو ذلت ورسوائی سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ملت کی سربلندی کیلئے ہم اپنے اندر قرآن کا جذبہ اور شوق پیدا کریں۔ قرآن کی تلاوت کرنے اور اسے سمجھنے کا ذوق اگر ملت میں پیدا ہوگیا تو ہماری عبادات بھی بامقصد رہیں گی۔ اس موقع پر انور شریف صاحب چیرمین جمعہ مسجد ٹرسٹ بورڈ اور مالک کرول آئل کمپنیز نے کہاکہ ملت مسلمہ کو قرآن مجید اور اس کی تلاوت کی اہمیت سے واقف کرانے کی فوری ضرورت ہے، تاکہ قرآن سے ملت کے رشتہ کو مضبوط ومستحکم کرکے اسے کامیابی کی طرف آگے بڑھایا جائے۔شیخ داؤد صاحب مالک نصیر الیکٹریکلس نے اپنے تاثرات ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ قرآن کریم کی خدمت باعث برکت اور لایق مبارکباد ہے۔ قرآن مجید پوری انسانیت کیلئے ضابطہ ودستور حیات بن کر نازل ہوا ہے ۔ انسانیت کی فلاح وکامرانی تعلیمات قرآن میں ہی مضمر ہیں۔ آج ساری انسانیت اچھائی کی جستجو میں بھٹک رہی ہے، تعلیمات قرآن کو اگر اپنالے تو اسے یہ جستجو آگے بڑھانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ اس موقع پر سید سردارصدر انجمن الانصار بمن ہلی ، مولانا محمد فاروق اعظم حبان رحیمی نے بھی قرآن اور تلاوت کی اہمیت پر اپنے تاثرات ظاہر کئے۔ اس موقع پر عالمی محفل قرأت استقبالیہ کمیٹی تشکیل ہوئی ،جس میں جناب انور شریف کو چیرمین منتخب کیاگیا ۔ استقبالیہ کمیٹی کے ممبران ومعاونین میں عباس خان صاحب مع برادران ، امان اﷲ خانس سنس ، شیخ داؤد مالک نصیر الیکٹریکلس، سردار پاشاہ جئے نگر، مصباح الدین مالک انجاز انٹرنیشنل ولسن گارڈن ،سید سردار بمن ہلی، حاجی ستار سیٹھ مالک سفینہ گروپ ،سید ظفر اﷲ شادیاں والے، اسلم احمد صاحب، شعیب اﷲ خان اسٹیل مرچنٹ ، آصف صاحب گورنمنٹ کنٹراکٹر، سید رحمت اﷲ خان فریزرٹاؤن ، رفیق حسین مالک ایم ایچ ٹورس اینڈ ٹراولس ،حیدر علی خان مالک ریان بلڈرس ،غوث اﷲ خان مکۃ المکرمہ ، عبدالعزیز ریٹائرڈ ریلویز، مولانا امام حسین صاحب شامل ہیں۔